پنڈی بھٹیاں:تحصیل ہسپتال میں جعلی میڈیکل لیگلز کی لوٹ سیل
شہری کی شکایت پر ڈاکٹر معطل ہونے کے با وجود جعلی میڈیکل لیگل کا سلسلہ رک نہیں سکا
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ڈاکٹروں نے بھاری رشوت کے عوض جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ کی لوٹ سیل لگا دی جس سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے ، لڑائی جھگڑوں کے بعد مظلوم جب قانونی کارروائی کیلئے ہسپتال پہنچتا ہے تو ملزم پہلے سے وہاں ہوتے ہیں اور رشوت کے عوض مبینہ طور پر مظلوم کو ملزم بنا دیا جاتا ہے اور ظالم مظلوم بن جاتا ہے ، اس صورتحال میں لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹروں نے فرنٹ مین رکھے ہوئے ہیں جن میں جو نیئر سٹاف کے کچھ اہلکار اور پرائیویٹ افراد بھی شامل ہیں جس طرح کا کسی نے رزلٹ لینا ہے اس طرح کی ہی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ اس معاملہ میں سیاسی مداخلت بھی ہو رہی ہے اور سیاستدانوں کے کارندے بھی جیبیں بھر رہے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں ایک شہری کی شکایت پر ایم ایس نے خود کو بچانے کیلئے ایک میڈیکل آفیسر کو معطل بھی کیا ہے لیکن صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔متاثرہ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ ہسپتال میں میڈیکل سرٹیفیکٹ کے حوالے سے میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اور ضلعی انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر میرٹ کو فروغ دیا جائے ۔