مون سون:صارفین و ملازمین کی حفاظت اولین ترجیح:گیپکو چیف

 مون سون:صارفین و ملازمین کی حفاظت اولین ترجیح:گیپکو چیف

بارشوں میں بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، خطرے کی فوری اطلاع دیں:محمد ایوب

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر گیپکو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں اور مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر صارفین اور گیپکو ملازمین کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی پالیسی کے مطابق ریجن بھر کی تمام فیلڈ فارمیشنز ہائی الرٹ رہیں، آپریشنل صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے اور بجلی کی محفوظ، مستحکم اور بلا تعطل فراہمی کے لیے تمام احتیاطی اور اصلاحی اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام سرکلز، ڈویژنز اور سب ڈویژنز میں کنٹرول رومز اور فیلڈ ٹیمیں چوبیس گھنٹے متحرک رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، فالٹ یا قدرتی آفت کی صورت میں فوری ردعمل یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو محکمہ موسمیات، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔چیف ایگزیکٹو نے عوام سے اپیل کی کہ بارش یا سیلاب کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، سٹے وائرز، ٹاورز، لٹکتی یا گری ہوئی بجلی کی تاروں اور دیگر برقی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور کسی بھی صورت انہیں ہاتھ نہ لگائیں۔ اگر کوئی بجلی کی تار زمین پر گری ہوئی نظر آئے ، کسی کھمبے یا ٹرانسفارمر میں غیر معمولی صورتحال محسوس ہو یا بجلی سے متعلق کوئی خطرہ دکھائی دے تو فوری طور پر متعلقہ گیپکو سب ڈویژن، بجلی کے بل پر درج شکایتی نمبروں یا گیپکو ہیلپ لائن 118 پر اطلاع دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...