کوٹ ادو سکاؤٹس کی پنجاب میں پہلی پوزیشن، ضلع کا نام روشن
گھوڑا گلی مری تربیتی کیمپ میں شاندار کارکردگی، سکاؤٹس سیکرٹری کو شیلڈ دی گئی
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب ٹیچر یونین کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین امام دین ملک نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کوٹ ادو کے افسران کی خصوصی کاوشوں اور رہنمائی کے باعث ضلع کے سرکاری ہائی اور مڈل سکولوں کے سکاؤٹس طلبہ نے پنجاب بوائز سکاؤٹ ایسوسی ایشن کے تربیتی کیمپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔انہوں نے بتایا کہ گھوڑا گلی مری میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں ڈسٹرکٹ سکاؤٹس سیکرٹری مہر ضیاء الرحمن کی قیادت میں کوٹ ادو کے سکاؤٹس طلبہ نے مختلف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا۔اس شاندار کامیابی پر گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے ڈسٹرکٹ سکاؤٹس سیکرٹری مہر ضیاء الرحمن کو تعریفی شیلڈ سے نوازا۔ صوبائی سیکرٹری سکاؤٹس محمد طارق قریشی اور ڈپٹی صوبائی سیکرٹری محمد عادل فاروقی نے بھی کوٹ ادو کے سکاؤٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے بہترین نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔امام دین ملک نے کہا کہ یہ کامیابی اساتذہ، ہیڈ ماسٹرز، سکاؤٹس طلبہ، ڈسٹرکٹ سکاؤٹس سیکرٹری اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments