گجرات میں مون سون کی پہلی بارش‘85ملی میٹر ریکارڈ
واسا کا نکاسیٔ آب آپریشن جاری، ڈی سی کا نشیبی علاقوں ، ڈسپوزل سٹیشنز کا دورہ
گجرات (سٹی رپورٹر) گجرات میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران شہر میں مختلف مقامات پر 85 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے بعد واسا گجرات نے ہائی الرٹ رہتے ہوئے نکاسیٔ آب کا آپریشن بھرپور انداز میں جاری رکھا۔ ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان حفیظ بٹ کے ہمراہ شہر کے ڈسپوزل سٹیشنز، نشیبی علاقوں اور مرکزی شاہراہوں کا دورہ کرکے نکاسیٔ آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے جیل چوک، کچہری چوک، نوابزادہ چوک، پرنس چوک، فوارہ چوک، غریب پورہ، کورٹ روڈ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے جیل چوک ڈسپوزل اسٹیشن سمیت مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کی آپریشنل کارکردگی، پمپنگ سسٹم، جنریٹرز، ڈی واٹرنگ سیٹس اور دیگر مشینری کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی۔بعد ازاں انہوں نے ڈی ایچ کیو میجر عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ بھی کیا، جہاں نکاسیٔ آب، سیوریج نظام اور بارشی پانی کے اخراج کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور دیگر عوامی مقامات پر نکاسیٔ آب کا نظام ہر صورت فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments