کمشنر کی نکاسی آب کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
شمسی چوک انڈر پاس، سوئی گیس روڈ اور گل روڈ پر جمع پانی ، ٹریفک کا جائزہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)مون سون بارشو ں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور واسا کی جانب سے نکاسی آب کے اقدامات تیز کر د ئیے گئے ۔ کمشنر محمد علی نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے نگار پھاٹک اور کشمیر پارک، سیٹلائٹ ٹاؤن میں نکاسی آب کی صورتحال کا معائنہ کیا جہاں واسا حکام نے انہیں بریفنگ دی۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں پانی کے فوری انخلا کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔بعد ازاں کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شمسی چوک انڈر پاس، سوئی گیس روڈ اور گل روڈ کے مختلف مقامات پر جمع بارشی پانی، ڈسپوزل مشینری کی کارکردگی، عملے کی موجودگی اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کمشنر محمد علی نے موقع پر موجود افسر وں کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور حساس مقامات پر مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا، ریسکیو 1122اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments