ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ناقص صفائی پر سینٹری انسپکٹر فارغ
کمشنر کا وارڈز میں بلیوں کی موجود گی کا نوٹس ، گارڈ ر کے رقم لینے پر کارروا ئی کا حکم
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر محمد علی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ سینٹری انسپکٹر عثمان کو فوری طور پر ذمہ داریوں سے فارغ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ، کمشنر نے مریضوں کی رجسٹریشن اور ڈسچارج ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ ڈسچارج رجسٹر نامکمل ہونے پر عملے سے بازپرس کی گئی اور ریکارڈ کی بروقت تکمیل کیلئے ہدایات جاری کی گئیں ۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں بلیوں کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے مریضوں کی صحت اور صفائی کے اصولوں کے منافی قرار دیا۔ انہوں نے فوری طور پر ہسپتال کے احاطے کو جانوروں سے پاک رکھنے اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقاتیں بھی کیں، بعض لواحقین کی جانب سے سکیورٹی گارڈز کی طرف سے ناجائز طور پر رقم وصول کرنے کی شکایات سامنے آئیں جن کا کمشنر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔کمشنر نے اے سی کا درجہ حرارت ڈاکٹرز کے روم میں 16 اور مریضوں کے روم میں 26 یعنی غیر تسلی بخش ہونے پر ذمہ دار وں کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments