نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب ، آبادی اور فصلیں متاثر
لوگ مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل،ڈپٹی کمشنر اور اے سی کا دورہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حالیہ مون سون بارشوں کے طاقتور سپیل سے برساتی نالہ پلکھو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے ، پانی مختلف مقامات سے باہر نکل کر کھیتوں میں جانے سے شہری مشکلات کا شکار ہیں ۔تفصیلات کے مطابق شہر کے قریب سے گزرنے والے نالہ پلکھو سے 5 ہزار کیوسک سے زائد کا سیلابی ریلا گزرا جو اوور فلو ہو کر قریبی آبادی اور کھیتوں میں داخل ہو گیا جس سے دھان اور دیگرفصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ضلعی انتظامیہ نے نالہ پلکھو کے قریب آبادیوں کو پہلے ہی محتاط رہنے کی ہدایات کر رکھی تھی جس وجہ سے نالہ پلکھو کے اطراف سے لوگ مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ نالہ پلکھو میں پچھلے سال آنے والے سیلاب نے شہری علاقوں میں تباہی مچا دی تھی تاہم ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیرآباد نوید احمد اور اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ نے بروقت اقدامات کر کے حالات کو کنٹرول کیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال کو مکمل طور پر مانیٹر کر رہے ہیں نالہ پلکھو سے شہری آبادی کو فی الوقت کوئی خطرہ نہیں اور اب نالہ پلکھو سے پانی کم ہونا شروع ہو چکا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ نے نالہ پلکھو کے دورہ کے موقع پر کہا کہ عوام مطمئن رہیں ہم پوری طرح حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments