ترقی کیلئے قیام پاکستان کے مقاصد کو یاد رکھنا ہوگا :کمشنر
قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں پرچم کشائی‘ارکان پارلیمنٹ ‘اساتذہ و طلبہ کی شرکت
گوجرانوالہ (نیوزرپورٹر)یوم آزادی کے موقع پرضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کی مرکزی تقریب قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول میں منعقد ہوئی۔ کمشنر محمد علی،آرپی او خرم شہزاد وڑائچ، ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے پارلیمنٹیرینز کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔قبل ازیں سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور قومی ترانہ پڑھنے کے بعد قومی پرچم لہرایاگیا۔ تقریب میں سرکاری محکموں کے افسروں ، اساتذہ، طلبا اور شہریو ں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کمشنر محمد علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ملک کے حصول کیلئے ہمارے آباؤاجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، آج کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی قومی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے رہنما اصولوں ایمان،اتحاد اور یقین محکم کو اپنانے کی ضرورت ہے ’وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور قیام پاکستان کے اصل مقصد کو ہمیشہ یاد رکھنا ہوگا۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ہمارے لاکھوں لوگوں نے وطن عزیز کیلئے قربانیاں دیں ان قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی خوشحالی اور حفاظت کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments