بھاری فنڈز: بوسیدہ سیوریج لائنیں تبدیل نہ ہو سکیں
چند گھنٹے کی بارش سے شہر کے بارونق علاقے پانی میں ڈوب جاتے ہیں،رواں سال سیوریج لائنوں کی تنصیب مکمل کرلی جائیگی:واسا حکام
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)شہر کی 73یونین کونسلوں میں سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر اربوں روپے خرچ کرنے کا آغاز تو ہوگیا لیکن مون سون میں نکا سی آب سسٹم بہتر نہ ہوسکا، بارشوں سے ضلعی انتظامیہ ،واسا ،کارپوریشن اور ہائی ویزافسر بے بس رہنے لگے جن کی غفلت کے باعث گوجرانوالہ شہر کی اہم شاہرات اور رہائشی علاقوں میں کئی سالوں سے پرانی اور بوسیدہ پائپ لائنوں کی تبدیلی ممکن نہ ہوسکی چنددا قلعہ کے میگا پراجیکٹ اور اندرون شہر کی ٹی روڈ پر ماس ٹرانزٹ سمیت بیشتر مقامات پر سڑکوں کی تعمیر ادھور ی پڑی ہے جس کے باعث خراب اور پرانے سیوریج سسٹم سے شہری پریشان ہیں پنجاب حکومت نے سیوریج سسٹم کی تعمیرو مرمت کیلئے گزشتہ مالی سال اور رواں مالی سال میں بھی محکمہ واسا کو 32 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے اور ترقیاتی کام پر خرچ بھی شروع کئے گئے اس کے علاوہ بلدیاتی اداروں اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی زیر نگرانی بھی کروڑوں روپے خرچ کئے گئے لیکن شہر کا خراب سیوریج سسٹم درست نہ ہوسکا ،شہر کی بیشتر یونین کونسلوں اور اہم شاہراہوں پر پرانے اور بوسیدہ پائپ لائنوں کی تعمیرو مرمت نہ ہوسکی جس کی وجہ سے چند گھنٹے کی بارش سے شہر کے بارونق علاقے پانی میں ڈوب جاتے ہیں ۔ واسا حکام کا کہنا ہے کہ اربوں روپے کے ٹینڈرز جاری ہوچکے ہیں اس سال سیوریج لائنوں کی تنصیب کافی حد تک مکمل کرلی جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments