ملکھانوالہ نالہ اَیک کا شگاف پرُ نہ کئے جانے پر متاثرین پریشان
15روز گزرگئے‘ درجنوں دیہات ابھی تک زیر آب‘شگاف فوری بند کرنیکا مطالبہ
سمبڑیال (سٹی رپورٹر)سمبڑیال کے علاقہ ملکھانوالہ کے قریب نالہ اَیک کے شگاف کو 15 روز تباہی مچاتے ہوئے گزر گئے ، تاحال پرُ نہ کیے جانے پر درجنوں دیہات متواتر زیر آب، پانی گھروں، قبرستانوں، ڈیروں، سکولوں، گلی محلوں میں تا حال بھی موجود، کاشتکاروں کی دھان، مکئی وغیرہ کی ہزاروں ایکڑ فصل زیر آب رہنے پر تباہ، جانوروں کے لئے چارہ بھی نایاب، محکمہ آبپاشی نے شہریوں کی دہائی پر کان دھرنے اور شگاف بند کرنے کی بجائے چپ سادھ لی۔ متاثرہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز ، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر گوجرانولہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سے سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور شگاف پُر کروانے کا مطالبہ کیاہے ۔شگاف تاحال پرُ نہ کئے جانے پر ملکھانوالہ، چک بساؤ، کوٹلی چنوں، کوٹلی جوئیاں، نور پور سیداں، بیگووالہ سمیت درجنوں دیہات تاحال پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔شہریوں کا گلیوں،محلوں سے گزرنا اور ڈیروں پر جانا تک مشکل ہو چکا ہے جبکہ زیر آب علاقوں میں جانوروں کیلئے چارہ تک موجود نہیں ،جانور بھوکے رہنے پر مجبور ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے اپنے تئیں نالہ اَیک میں پڑا شگاف پُر کرنے کے حوالے سے گرچہ اقدامات جاری ہیں تاہم وہ بھی محدود ہونے کے باعث شگاف تاحال پرُ نہیں کیا جا سکا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments