پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کا والد کیساتھ جانے سے انکار
شوہر 4بچوں کا باپ ہے‘اسکے با وجود ساتھ رہنا چاہتی ہوں :عدالت میں بیان لڑکی کے والد نے داماد پر کالے جادو کے ذریعے بیٹیوں کو ورغلانے کا الزام لگا دیا
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )چھ ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والی لڑکی نے عدالت میں باپ کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا،شوہر کے پہلے سے شادی شدہ اور 4بچوں کا باپ ہونے کے باوجود اسکے ساتھ جانے کا بیان ریکارڈ کر ا دیا ، لڑکی کے والد نے داماد پر کالے جادو کے ذریعے بیٹیوں کو ورغلانے کا الزام لگا دیا ۔ حبس بیجا کی درخواست پر ڈیوٹی ایڈیشنل سیشن جج طارق محمود رانا کی عدالت میں باغبانپورہ پولیس نے لڑکی (ح)کو اسکے باپ کے گھر سے بازیاب کر کے پیش کیا۔
فاضل جج کے استفسار پر لڑکی نے بتایا کہ اس نے فروری میں عثمان سے لو میرج کی اور وہ شوہر کے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہے ۔ فاضل جج کے استفسار پر (ح )نے تسلیم کیا کہ اسکا شوہر عثمان پہلے سے شادی شدہ اور 4بچوں کا باپ ہے تاہم وہ اسی کیساتھ رہے گی ۔ لڑکی کے والد نے عدالت کو بتایا کہ عثمان اسکے داماد کا دوست تھا اسی وجہ سے گھر میں اسکا آنا جانا ہو گیا اور عثمان نے کالے جادو سے اسکی بیٹیوں کو قابو کر رکھا ہے ۔ ڈیوٹی جج نے بیان ریکارڈ کر کے (ح کو اسکے شوہر کیساتھ بھجوا دیا ۔ لدھے والا وڑائچ کے رہائشی عثمان نے بیوی کی بازیابی کیلئے پٹیشن سیشن عدالت میں دائر کی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments