وزیر آباد :انسداد کرپشن مہم ،ریونیو دفاتر پرتالے ،سائلین خوار

وزیر آباد :انسداد کرپشن مہم ،ریونیو دفاتر پرتالے ،سائلین خوار

بیشتر دفاتر میں ہوکا عالم ،دروازوں پر ‘‘عملہ ریکوری کیلئے فیلڈ میں ہے ’’کی تحریر چسپاں

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )حکومت پنجاب کی کرپشن مخالف مہم کا اثر، محکمہ ریونیو وزیرآباد کے دفاتر میں تالے ، سائلین خوار ہو کر رہ گئے ۔ حکومت پنجاب کی جانب سے کرپشن کے خلاف شروع کی گئی مہم کے مبینہ اثرات محکمہ ریونیو وزیرآباد میں بھی نمایاں ہونے لگے ، جمعہ کے روز محکمہ ریونیو کے افسر ، رجسٹریشن برانچ سمیت مختلف دفاتر کے دروازوں پر تالے لگے رہے جس کے باعث اپنے کاموں کے سلسلہ میں آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے شہری کئی گھنٹے انتظار کے بعد مایوس لوٹتے رہے جبکہ بیشتر دفاتر میں ہو کا عالم رہا۔ذرائع کے مطابق متعدد دفاتر کے دروازوں پر یہ تحریر چسپاں کردی گئی کہ متعلقہ عملہ فیلڈ میں ریکوری کیلئے گیا ہوا ہے۔

دفاتر کی اچانک بندش اور افسر وں و عملے کی عدم موجودگی پر شہری حلقوں میں تشویش پائی گئی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر عملہ سرکاری ریکوری کیلئے فیلڈ میں گیا ہے تو عوامی معاملات نمٹانے کیلئے متبادل انتظام کیوں نہیں کیا گیا ، دفاتر کے دروازوں پر تالے لگا کر اینٹی کرپشن کی کارروائیوں سے آخر کب تک بچا جاسکتا ہے ، اگر کسی کے خلاف کوئی شکایت یا تحقیقات موجود ہیں تو دفاتر بند کرنا مسئلے کا حل نہیں بلکہ متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق اپنا کام کرنے دیا جانا چا ہیے ۔ شہریوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم کو دباؤ، سفارش یا کسی قسم کی بلیک میلنگ سے متاثر کئے بغیر آگے بڑھایا جائے اور کسی بھی افسر یا اہلکار کو قانون سے بالاتر نہ سمجھا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...