وزیر صحت کی ہسپتالوں میں طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت
سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے میں غفلت برداشت نہیں کرینگے :سلمان رفیق
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گوجرانوالہ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ایم ایس صاحبان نے صوبائی وزیر کو ہسپتال میں جاری طبی سہولیات، مریضوں کی تعداد، ادویات کی دستیابی اور دیگر انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ سلمان رفیق نے ہسپتال انتظامیہ کو ادویات کی وافر دستیابی یقینی بنانے اور مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے ٹوکن کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے ، مریضوں اور لواحقین کیلئے بینچوں میں اضافہ، پنکھوں کی فراہمی اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں ایک فیصد بھی غفلت برداشت نہیں کریں گے ۔ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے سرکاری ہسپتالوں کو ہر سال اربوں روپے کا بجٹ فراہم کرتی ہے ، دستیاب وسائل کو مریضوں کی سہولت اور علاج معالجے کی بہتری کیلئے مؤثر انداز میں استعمال کیا جانا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments