کیپٹن (ر) صفدر کی غلام دستگیر خان اور خرم دستگیر سے ملاقات
دستگیر خاندان مسلم لیگ ن کا ستون ،مشکل دورمیں وفاداری نبھائی :لیگی رہنما کیپٹن صفدر ہمارے نظریاتی ساتھی ‘ہمیشہ اصولی سیاست کی :انجینئر خرم دستگیر
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر اعوان دستگیر ہاؤس پہنچے ، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے بزرگ رہنما غلام دستگیر خان اور سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال، پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل اور گوجرانوالہ میں تنظیمی امور پر گفتگو ہوئی۔کیپٹن (ر) صفدر اعوان نے کہا کہ دستگیر خاندان مسلم لیگ (ن) کا ستون ہے ۔ میاں نواز شریف کے مشکل ترین دور میں اس خاندان نے جس وفاداری کا ثبوت دیا، وہ مسلم لیگی کارکنوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔ غلام دستگیر خان ہمارے بزرگ ہیں اور ان کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں۔انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر اعوان نظریاتی اور وفادار ساتھی ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ اصولی سیاست کی اور قیادت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔ دستگیر ہاؤس ان کا اپنا گھر ہے ۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنما محمد شعیب بٹ، ناصر محمود کھوکھر، بیرسٹر شاہ رخ نقی خان اور نذیر احمد مغل بھی موجود تھے ۔ آخر میں ملکی سلامتی اور پارٹی قائد میاں نواز شریف کی صحت و کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments