ایوارڈ فیلو شپ ،جامعہ سڈنی کے وفد کا دورہ زرعی یونیورسٹی

ایوارڈ فیلو شپ ،جامعہ سڈنی کے وفد کا دورہ زرعی یونیورسٹی

سمارٹ کپاس کی تیاری ،پیداوار بڑھانے کیلئے تحقیق میں دلچسپی کا اظہار کیا

ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی ملتان میں آسٹریلیا کی جامعہ سڈنی کے وفد نے آسٹریلیا ایوارڈز فیلوشپ 2026 کے تحت دورہ کیا، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی نظام، غذائی تحفظ اور بین الاقوامی تحقیقی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ وفد میں جامعہ سڈنی کے ڈاکٹر ڈینیئل ٹین اور ڈاکٹر ربیکا جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر تحسین اظہر اور ڈاکٹر رضوانہ مقبول شامل تھے ۔وفد نے وائس چانسلر اور جامعہ کے اساتذہ سے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلیوں کے فصلوں پر اثرات، موزوں اقسام، جدید زرعی طریقوں اور وسائل کے مؤثر استعمال پر تبادلہ خیال کیا۔وفد نے یونیورسٹی کے کپاس کے تحقیقی کھیت کا دورہ کیا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی سمارٹ کپاس کی تیاری اور پیداوار بڑھانے کے لئے جاری تحقیق میں دلچسپی ظاہر کی۔ ہائیڈروپونکس سہولت میں ٹماٹر اور شملہ مرچ کی بغیر مٹی کاشت، پانی اور غذائی اجزا کے مؤثر استعمال کا جائزہ لیا، جبکہ سیڈ کلر سارٹر مشین کے ذریعے ہائبرڈ گندم کے معیاری بیجوں کی شناخت اور چھانٹی کا عمل بھی دیکھا۔ وفد نے گرین ایگری مال میں کھادوں اور جدید زرعی مشینری کی سہولیات کا معائنہ کیا۔بعد ازاں وائس چانسلر، جامعہ کی قیادت اور ملتان کے صنعت کاروں کے ساتھ نشست میں زرعی جدت، جامعات اور صنعت کے روابط، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور زرعی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ اقدامات پر گفتگو ہوئی۔دورے کو بین الاقوامی علمی روابط اور تحقیقی استعداد بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ اس سے جامعہ سڈنی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور زرعی یونیورسٹی ملتان کے درمیان مستقبل میں تحقیقی تعاون، تجربات کے تبادلے اور پاکستان میں پائیدار غذائی تحفظ کے فروغ کے امکانات کو تقویت ملنے کی توقع ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...