مہنگائی نے عوام کو مشکلات سے دوچار کررکھا،مفتی عامر محمود

مہنگائی نے عوام کو مشکلات سے دوچار کررکھا،مفتی عامر محمود

قاسم باغ سٹیڈیم میں ہونیوالی مفتی محمود کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی

ملتان (کرائم رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام ملتان کے ضلعی امیر مفتی عامر محمود نے کہا ہے کہ 15 اکتوبر کو قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی مفتی محمود کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، جبکہ مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر اکابرین کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری نور خان ہانس ایڈووکیٹ، سرپرست حافظ محمد عمر شیخ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات رانا محمد سعید، قاری محمد یٰسین، میاں امجد ضیاء، عثمان علی، مولانا یوسف مدنی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں استقبالیہ، پنڈال، میڈیا اور رضاکار کمیٹیوں سمیت مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ مفتی عامر محمود نے کہا کہ مفتی محمود کانفرنس اہمیت کی حامل ہوگی اور اس کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے ۔ ان کے بقول موجودہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی قیادت ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت آئندہ عام اور بلدیاتی انتخابات میں عوامی حمایت حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...