علی پورچٹھہ میں مہنگائی بے قابو،اشیا کی من مانی قیمتیں
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی چالانوں تک محدود ہونے کی شکایات
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں مہنگائی بے قابو، اشیائے خورونوش من مانے نرخوں پر فروخت ہونے لگیں ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی محض چند چالانوں تک محدود ہونے کی شکایات سامنے آنے لگیں،شہری انتظامیہ کی مبینہ خاموشی پر سراپا احتجاج بن گئے ۔ شہر میں آٹا 150 روپے ، چکی آٹا 200 روپے فی کلو جبکہ گندم 5200 روپے فی من فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسی طرح کیمیکل سے تیار شدہ دودھ 250 روپے لیٹر، بڑے گوشت کی قیمت 1400 روپے اور چھوٹے گوشت کی قیمت 2600 روپے کلو تک بتائی جارہی ہے جبکہ برائلر مرغی 550 روپے کلو اور انڈے 300 روپے درجن فروخت ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
اسی طرح دالیں، مصالحہ جات، چینی ، گھی، پھل ، فروٹ سبزیاں وغیرہ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ چند چالان کرکے رسمی کارروائی پوری کرلی جاتی ہے جبکہ صورتحال میں بہتری دکھائی نہیں دیتی۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں مؤثر چیکنگ، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد، اشیائے خورونوش کے معیار کی جانچ اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments