بھکر: انسدادِ پولیو مہم کے لیے 1500 ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں
بھکر: انسدادِ پولیو مہم کے لیے 1500 ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں 5 سال تک کی عمر کے 372,595 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 2 سے 5 نومبر تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 372,595 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جس کے لیے 1,500 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اجلاس میں ضلعی امن کمیٹی کے ارکان، علمائے کرام اور متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے ہدایت کی کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے قومی مشن کی تکمیل کے لیے مہم کو کامیاب بنانے اور ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں پولیو ٹیموں کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں اور فیلڈ میں جا کر مہم کا جائزہ لیں تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ڈپٹی کمشنر نے پولیس حکام کو بھی ہدایت کی کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران ویکسینیشن ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پانچ سال تک کی عمر کے اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون، مؤثر نگرانی اور مشترکہ کوششوں سے مہم کے مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments