سرگودھا ،پیرا سارجنٹ کی بھرتی کیلئے فزیکل ٹیسٹ شروع
سرگودھا ،پیرا سارجنٹ کی بھرتی کیلئے فزیکل ٹیسٹ شروع 50 اسامیوں کیلئے مجموعی طور پر 2381 امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )ضلع سرگودھا میں پیرا سارجنٹ کی بھرتی کے لیے دو روزہ فزیکل ٹیسٹ کا آغاز پولیس لائن سرگودھا میں ہو گیا ہے ، جو 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پیرا سارجنٹ کی 50 اسامیوں کے لیے مجموعی طور پر 2381 امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں، جن میں 635 خواتین بھی شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر بھرتی کے عمل کو شفاف، منظم اور میرٹ کے مطابق مکمل کرنے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جنہوں نے اپنی نگرانی میں فزیکل ٹیسٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز احمد مغیث اور کمیٹی کے دیگر ارکان صبح سے پولیس لائن میں موجود رہے اور بھرتی کے مختلف مراحل کی نگرانی کرتے رہے ۔پہلے روز ایک ہزار امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ لیے گئے ، جن میں خواتین امیدوار بھی شامل تھیں۔ امیدواروں کو مقررہ معیار اور ایس او پیز کے مطابق دوڑ، جسمانی پیمائش اور دیگر جسمانی مراحل سے گزارا گیا۔ حکام کے مطابق بھرتی کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔فزیکل ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو بعد ازاں تحریری امتحان کے لیے بلایا جائے گا۔ بھرتی کے دوسرے روز، 13 اکتوبر کو باقی ماندہ 1381 امیدواروں کے فزیکل ٹیسٹ پولیس لائن سرگودھا میں منعقد ہوں گے ۔تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر پہنچیں اور ٹیسٹ کے لیے جاری کردہ ہدایات اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments