گجرات :عدالت کے باہر قتل کے ملزم پر حملہ‘3افراد گرفتار
واقعے کے دوران احاطہ عدالت میں شدید بدنظمی ،ملزم ناجی بٹ زخمی
گجرات (سٹی رپورٹر) گجرات میں کمرہ عدالت کے باہر پیشی پر لائے گئے قتل کے ملزم ناجی بٹ پر صاحب قصائی گروپ کے مبینہ آٹھ افراد نے حملہ کر دیا اور ہتھکڑیوں میں جکڑے ملزم کو لاتوں اور گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے دوران احاطہ عدالت میں شدید بدنظمی پیدا ہوگئی اور ملزم ناجی بٹ زخمی ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر تین حملہ آوروں رضوان عرف جانی بٹ، سعود بٹ اور عظیم بٹ ساکنان جلالپور صوبتیاں کو گرفتار کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق گرفتار افراد میں سے ایک بھی زخمی ہوا، جبکہ دیگر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔عدالت جیسے حساس مقام پر پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور سکیورٹی انتظامات کے باوجود زیرحراست ملزم پر حملہ ہونا پولیس کی کارکردگی اور حفاظتی اقدامات پر سوالیہ نشان ہے ۔ عدالت میں قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور سکیورٹی کے مؤثر انتظامات اولین ترجیح ہونے چاہئیں۔ واقعے نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ حملہ آور پولیس کی موجودگی میں کارروائی کرنے میں کیسے کامیاب ہوئے اور زیرحراست ملزم کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے تھے ۔ اگر احاطہ عدالت میں زیرحراست ملزم محفوظ نہیں تو عام شہریوں کے تحفظ کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments