بصارت سے محروم طالبہ کے 552نمبر ‘ لیپ ٹاپ و انعام کا اعلان
انٹر پارٹ ون کے نتائج کے اعداد و شمار جاری کرنے کے سلسلے میں پریس کانفرنس امتحان میں ایک لاکھ 35ہزار 983طلبہ کی شرکت ،79ہزار 85 کامیاب ہوئے
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کے اعداد و شمار جاری کرنے کے سلسلے میں پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں بصارت سے محروم طالبہ زینت کی شاندار کامیابی کو سراہا گیا۔ وزیر برائے سکولز و ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے فون پر طالبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے لیپ ٹاپ اور نقد انعام دینے کے علاوہ وزیر اعلیٰ مریم نواز سے خصوصی ملاقات کروانے کا اعلان کیا۔پریس کانفرنس میں چیئرپرسن بورڈ انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیر، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ندیم احمد، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر امان اللہ راٹھور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن عطیہ ارشد بھی موجود تھیں۔ چیئرپرسن ڈاکٹر اقصیٰ شبیر نے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مثبت رپورٹنگ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔تقریب کی خاص بات گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین راہوالی کی بصارت سے محروم طالبہ زینت کی شاندار کامیابی تھی، جس نے بریل طریقے سے امتحان دے کر انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ میں 600 میں سے 552 نمبر حاصل کیے ۔ تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن بورڈ نے گوجرانوالہ بورڈ کی جانب سے زینت کو 25 ہزار روپے نقد انعام دیا۔چیئرپرسن نے بتایا کہ بورڈ کی آئی ٹی ٹیم نے آن سکرین مارکنگ کے لیے اندرونِ ادارہ سافٹ ویئر تیار کر لیا ہے اور اس کی آزمائشی مشق بھی کامیابی سے مکمل کر لی گئی ہے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر امان اللہ راٹھور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرکاری کالجز کے نتائج میں مجموعی بہتری آئی ہے ۔ جاری کردہ تفصیلی اعداد و شمار کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے امتحان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 35 ہزار 983طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 79 ہزار 85کامیاب ہوئے ۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 58.16فیصد رہا۔ضلع وار نتائج کے مطابق حافظ آباد 57.27 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ گوجرانوالہ میں کامیابی کا تناسب 60.94 فیصد، گجرات میں 60.14فیصد، منڈی بہاؤالدین میں 58.62 فیصد، سیالکوٹ میں 54.23 فیصد اور نارووال میں 51.23 فیصد رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments