پنڈی بھٹیاں :کاروباری مراکز‘سڑکوں پر بھکاریوں کی یلغار
چلتی گاڑیوں ،مو ٹر سائیکلوں کے سامنے آکر بھیک مانگنے والے بچوں کی زندگی کو خطرہ
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )شہر میں پیشہ ور گداگروں کی یلغار نے شہریوں کو پریشان کر دیا ، بھکاریوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں اور گداگری کے رجحان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے شہری پریشان ہیں خصوصاً کم عمر بچوں کی بڑی تعداد مختلف چوراہوں، بازاروں اور مصروف شاہراہوں پر بھیک مانگتی دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں کے مطابق بھکاری بچے اکثر چلتی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے قریب آ کر بھیک مانگتے ہیں اور بعض اوقات اچانک سڑک پر گاڑیوں کے سامنے آ جاتے ہیں جس سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے ، اس صورتحال کے باعث نہ صرف بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں بلکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے ،گداگروں کی یلغار سے شہریوں اور مسافروں کا کسی بھی سڑک پر ایک لمحہ کیلئے بھی رکنا محال ہو چکا ہے ۔ شہریوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ شہر میں گداگری کے بڑھتے رجحان کا فوری نوٹس لیا جائے ، بالخصوص بچوں سے بھیک منگوانے کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور انہیں خطرناک ماحول سے محفوظ رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments