وکالت مقدس پیشہ‘نئے وکلا محنت سے کام کریں:سمیرا حسین
بار ووکیشنل کورس کی کلاسز میں شرکت کرنے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) چیئرمین لیگل ایجوکیشن کمیٹی پنجاب بار کونسل سمیرا حسین نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں وکیل کا مقام مثالی حیثیت رکھتا ہے ۔ قانون کو سمجھنے کے لیے اس کی تاریخ سے آگاہی ضروری ہے ۔ اچھا وکیل بننے کے لیے محنت اور لگن بنیادی تقاضے ہیں، کیونکہ محنت کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ جب وکیل محنت اور لگن سے عدالت میں پیش ہوتا ہے تو وہ سائلین کو انصاف کی فراہمی میں معاون ثابت ہوتا ہے ۔ وکالت ایک مقدس پیشہ ہے اور وکیل معاشرے کی بہتری کے لیے جدوجہد کرنے کے ساتھ محروم طبقات کی قانونی جنگ بھی لڑتا ہے۔
نئے وکلا کو چاہیے کہ وہ محنت اور لگن سے سائلین کو انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ کالے کوٹ کا تقدس اور عزت برقرار رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔ وکلا کو اپنے پیشے سے مخلص رہتے ہوئے اس پر لگنے والے دھبوں کو دور کرنے میں بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بار لائبریری میں بار ووکیشنل کورس کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب بار کونسل کے ممبر حسن سرفراز بھلی، صدر بار سعید احمد بھلی، سیکرٹری چوہدری شہباز شمس، سابق سول جج و معروف قانون دان عدنان صفدر کھوکھر، ملک شہباز احمد اور وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
صدر بار سعید احمد بھلی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سینئرز کی عزت و احترام اور ان کی رہنمائی کے بغیر کامیابی حاصل کرنا مشکل ہے ۔ سیکرٹری چوہدری شہباز شمس نے کہا کہ اچھا وکیل بننے کیلئے مکمل تیاری کے ساتھ عدالتوں میں پیش ہونا چاہیے ۔ تقریب کے اختتام پر بار ووکیشنل کورس کی تمام کلاسز میں شرکت کرنے والے قانون کے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ۔ صدر بار سعید احمد بھلی، سیکرٹری شہباز شمس، ممبر پنجاب بار کونسل حسن سرفراز بھلی، نائب صدر گل دیبا، عرفان اللہ وڑائچ اور عدنان صفدر کھوکھر کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments