گجرات میں ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہونگے :ڈی سی
شہر کوسمارٹ سٹی بناناہدف،یکطرفہ فیصلے کرنے کا قائل نہیں:خرم شہزاد
گجرات (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ گجرات شہر کو سمارٹ سٹی بنانا ان کا ہدف ہے ۔ شہری ترقی کے ساتھ صاف ستھرا اور پُرسکون ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ وہ یکطرفہ فیصلے کرنے کے قائل نہیں۔ شہر میں ٹریفک کے گمبھیر مسائل کے باعث شہریوں کو متعدد مشکلات کا سامنا ہے ، تاہم منصوبہ بندی کے ذریعے صرف 15منٹ میں پورے شہر کا سفر ممکن بنایا جا سکے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن پروگرام، واسا اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ صفائی کے نظام میں بھی بہتری لائی جائے گی۔ گجرات ایک خوشحال ضلع ہے اور اس کے شہریوں کی بڑی تعداد بیرون ملک مقیم ہے ۔ شہری ترقی کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں اور میرا نائب قاصد بھی کسی کو نہیں روکے گا۔ میں دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کا قائل ہوں۔ گجرات پریس کلب کے ارکان سے تعارفی ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ انہوں نے اربن ڈویلپمنٹ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ہے اور ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ جو کچھ پڑھا ہے ، اسے عملی جامہ بھی پہنائیں۔ گجرات میں تعیناتی ان کے لیے ایک چیلنج ہے ۔ یہاں جاری ترقیاتی کاموں، خصوصاً واسا کے زیر اہتمام سیوریج منصوبے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ مدت میں مکمل کرایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments