حافظ آباد:واسا کے بھاری بلوں کیخلاف شہری سراپا احتجاج
بلوں کی وصولی کیلئے آنیوالے واسا ملازمین کے ساتھ ہاتھا پائی کے بھی واقعات
حافظ آباد (نمائندہ دنیا)حافظ آباد شہر میں واسا کی جانب سے شہریوں کو 25 ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کے بل بھجوائے جانے پر عوام سراپا احتجاج بن گئے ۔ بلوں کی وصولی کے لیے آنے والے واسا ملازمین کے ساتھ ہاتھا پائی کے واقعات بھی ہونے لگے ، تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں واسا کا قیام تقریباً ایک سال قبل عمل میں لایا گیا، تاہم شہریوں کے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئے ہیں۔ اندرون شہر کے مختلف محلے اور علاقے تاحال گندگی کے جوہڑ بنے ہوئے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں اور جگہ جگہ تعفن پھیلا ہوا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے انہیں ہزاروں اور لاکھوں روپے کے بل بھجوا رہا ہے ، شہریوں کی جانب سے بھاری بلوں کی عدم ادائیگی پر واسا نے جبری وصولی شروع کر دی ہے ، جس پر تاجروں، دکانداروں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے مزاحمت کی جا رہی ہے ۔ اس دوران ملازمین کے ساتھ ہاتھا پائی کے واقعات بھی پیش آ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مقامی ایم این اے سائرہ افضل تارڑ اور دیگر ارکان اسمبلی نے مسائل پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ ان کے مطابق واسا کے افسران اور ملازمین کی مبینہ نااہلی اور غیر مؤثر اقدامات حکومت پنجاب کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اور شہری احتجاج پر مجبور ہو رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments