ڈی سی کا شہر اور دیہی علاقوں کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ
ماڈل ٹاؤن کے مختلف علاقوں اور بازاروں میں صفائی کی صورتحال کامعائنہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں اور حافظ آباد روڈ سے ملحقہ دیہی علاقوں کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے ، سیوریج نظام اور شہری سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ماڈل ٹاؤن کے مختلف رہائشی و تجارتی علاقوں، گلی محلوں اور بازاروں میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی آپریشن میں مشینری اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے اور تمام علاقوں میں صفائی کے مقررہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ نگرانی یقینی بنائی جائے ۔ بعدازاں انہوں نے حافظ آباد روڈ کا دورہ کیا اور شاہراہ پر صفائی ستھرائی، تجاوزات اور سڑک کی مجموعی حالت کا جائزہ لیا۔
مختلف مقامات پر سڑک کی ٹوٹ پھوٹ اور گڑھوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر پیچ ورک شروع کرنے اور اسے معیاری انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شاہراہ کے اطراف صفائی بہتر بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی مؤثر اقدامات کرنے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے حافظ آباد روڈ سے ملحقہ دیہی علاقے کوٹ اسحاق کا دورہ بھی کیا اور وہاں صفائی ستھرائی، گلیوں، بازاروں، کھلے پلاٹوں اور سیوریج نالے کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شاہین آباد جی ٹی روڈ پر زیر تعمیر رجسٹریشن برانچ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ بلڈنگ کے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام منظور شدہ ڈیزائن اور مقررہ معیار کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments