پاکستان ٹوبیکو کمپنی ، ایکسپورٹ پروگرام کے دوسرے حصے کا افتتاح
تقریب میں معاون خصوصی زلفی بخاری ،مشیر تجارت عبدالرزاق سمیت اہم شخصیات کی شرکت
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) برٹش امریکن گروپ کے ذیلی ادارے پاکستان ٹوبیکو کمپنی نے اپنے ایکسپورٹ پروگرام کے دوسرے حصے میڈ ان پاکستان ٹو کا افتتاح کر دیا، اس کے علاو ہ مستقبل میں ایکسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کا روڈمیپ بھی جاری کیا گیا تقریب میں متعدد شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول ماہرین معاشیات، کاروباری شخصیات اور حکومت کی معاشی، سرمایہ کاری اور کامرس کی ٹیموں کے معزز ممبران نے شرکت کی ،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری نے اس موقع پرپی ٹی سی کی جانب سے 2019 میں کی جانے والی برآمد کے ذریعے قومی خزانے میں 30 ملین ڈالر کے اضافے کو سراہا،انہوں نے کہا کہ اس کے علاو ہ بیرونی سرمایہ کاری اورزر مبادلہ سے مزید 50 ملین ڈالر اضافے کے کمپنی عزم کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے کاروباری آسانی اور ادائیگیوں کے لئے ایکسپورٹ بیس کو وسیع تر بنانے کے لئے کوشاں ہے ،تقریب سے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوبیکو کمپنی عثمان ظہور نے بھی خطاب کیا ۔