ملک دشمنوں نے کاروا ن جمہوریت پر بز دلانہ حملہ کیا،سبط الحیدر بخاری
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سینٹرل سیکرٹریٹ پیپلز پارٹی اسلام آباد میں شہدا سانحہ کارساز کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، انچارج سیکرٹریٹ سید سبط الحیدر بخاری نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ جیالے شہدا سانحہ کارساز کی 15ویں برسی پر جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنی جان قربان کرنے والے عظیم کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ملک و ملت اور جمہوریت دشمنوں نے شہید بینظیر بھٹو کے کاروا ن جمہوریت پر بز دلانہ حملہ کیا، اپنی محبوب قائد بینظیر بھٹو کا تاریخی استقبال کرنے والوں نے محترمہ کو محفوظ بنانے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ، بھٹو خاندان پیپلز پارٹی اور عوام الناس کا رشتہ لازوال رشتہ ہے ،قائد عوام کے پیروکاران کی تیسری نسل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، دعائیہ تقریب میں پیپلز پارٹی اسلام آباد ضلع کے صدر شکیل عباسی نے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کروائی جس میں صدر جی بی امجد ایڈوو کیٹ اور جنرل سیکرٹری جمیل سمیت کارکنان نے شرکت کی۔