پمز، پولی کلینک میں مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی تعیناتی کا فیصلہ

پمز، پولی کلینک میں مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی تعیناتی کا فیصلہ

اسلام آباد(ایس ایم زمان)وزارت قومی صحت نے وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں کے مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی تعیناتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد برتھ نے گزشتہ دس سال سے پولی کلینک اور پمز ہسپتال کے مستقل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی تعیناتی نہ ہونے کانوٹس لیا ہے۔ وزارت قومی صحت نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن امتحان کے ذریعے پولی کلینک اور پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی خالی اسامیوں پر تقرر ی کرنے کی تجاویز کی تیاری شروع کردی ۔ یہ اسامیاں گریڈ21 کی ہیں اور ان پرتقرری براہ راست امتحان کے ذریعے کی جاسکتی ہے ۔ پمز میں ایڈمنسٹریشن کیڈر گریڈ 20 کے ڈاکٹر اقبال درانی موجود ہیں جبکہ پولی کلینک ہسپتال میں ایڈمنسٹریشن کیڈر گریڈ 20 کا کوئی افسر نہیں ہے تاہم گریڈ20 کے پروفیسرز ہیں ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک ڈاکٹر شہزاد منیر کو گزشتہ سال اکتوبر سے عارضی بنیادوں پر جبکہ ایگزیکٹوڈائریکٹر پمز ڈاکٹر رانا عمران سکندر کو گزشتہ سال دسمبر سے عارضی بنیاد وں پر چارج دیا گیا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں