موسمیاتی تبدیلی، توانائی مسائل، تعاون کرینگے،اینڈریو شوفر

موسمیاتی تبدیلی، توانائی مسائل، تعاون کرینگے،اینڈریو شوفر

اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) امریکی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے اپنے دورہ لا ہور کے موقع پر موسمیاتی تبدیلی سے وابستہ کلیدی مشکلات، غذائی قلت اور توانائی کی ضروریات کا حل پیش کرنے کے سلسلہ میں یو ۔۔

ایس پاکستان گرین الائنس فریم ورک کے ذریعے امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کی معاونت کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنز، قونصل جنرل کراچی کونراڈ ٹریبل اور قونصل جنرل پشاور شانٹے مور بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اینڈریو شوفر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہنگامی اقدامات اور ماحول دوست زراعت، شفاف توانائی اور پانی کے انتظام و انصرام میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔ موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تخلیقی صلاحیتوں، مضبوط شراکت داری اور متنوع نقطہ ہائے نظر کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں امریکا، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے ویمن اِن انرجی سکالرز پروگرام جیسے منصوبوں کی حمایت کرتا ہے، لاہور میں قیام کے دوران انہوں نے جنوبی اور وسطی پنجاب کی خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ ایک نمائشی کرکٹ میچ میں شرکت بھی کی ۔ انہوں نے کہا امریکا کی حکومت صنفی مساوات کو فروغ دینے، پاکستانی متحرک اور باصلاحیت خواتین اور لڑکیوں کی اُمنگوں اور حصولِ تعلیم کی حمایت کیلئے پُرعزم ہے۔ ڈی سی ایم شوفر اور سی جی ہاکنز نے انگلش ایکسیس سکالرشپ پروگرام کی بیسویں سالگرہ میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے شا ہی قلعہ لاہور، مسجد وزیر خان اور سنہری مسجد دیکھی۔ امریکی حکومت نے پاکستان بھر میں 48لاکھ ڈالر کی مالیت سے 35ثقافتی تحفظ کے منصوبوں کو مالی اعانت فراہم کی ہے۔ اس حوالہ سے ڈی سی ایم شوفر نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف مقامی برادریوں کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ ان میں وابستگی کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں