سی ڈی اے میں ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 نافذ کرنے کی منظوری

سی ڈی اے میں ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 نافذ کرنے کی منظوری

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے چودھری محمد علی رندھاوا نے اتھارٹی میں ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 2020 کو نافذ کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

 یہ فیصلہ شفاف اور موثر ادارہ جاتی احتساب یقینی بنانے اور امور میں نظم و ضبط لانے کیلئے کیا گیا ہے، منظوری ایک اجلاس میں دی گئی، ایڈمنسٹریشن ونگ، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، ڈسپلن ڈائریکٹوریٹ اور دیگر فارمیشنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا سزا اور جزا کا نظام لاگو کرکے اتھارٹی میں سروس ڈلیوری کی بہتری اور ملازمین کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔ ای اینڈ ڈی رولز 2020 لاگو کرنے سے انکوائریوں اور تادیبی کارروائیوں کو تیز رفتاری سے انجام دینے میں مدد ملے گی۔ اس وقت انکوائریز مکمل کرنے کیلئے مقررہ وقت نہیں دیا جاتا اور انکوائریز طویل عرصے تک مکمل نہیں ہو پاتیں، ان قوانین کے تحت انکوائریز کی ٹائم لائن دی جائے گی، انکوائری مقررہ مدت تک حتمی شکل نہ دینے پر انکوائری افسر جوابدہ ہوں گے ۔ بریفننگ میں بتایا گیا گزشتہ 4 سے 5 ماہ میں تقریباً 60 انکوائریوں کو حتمی شکل دی گئی اور 55 نئی انکوائریاں شروع کی گئیں۔ تین سالوں میں 998 انکوائریاں اور تادیبی کارروائیاں مکمل کی گئیں جن میں 103 افسران اور اہلکاروں کو برطرفی، لازمی ریٹائرمنٹ اور تنزلی سمیت بڑی سزائیں دی گئیں۔ اتھارٹی نے پلاٹوں کی جعلی الاٹمنٹ کے 45 کیسز تفصیلی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کو بھجوا دیئے ہیں، ذمہ دار افسران، اہلکاروں اور نجی افراد کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں