صنفی مساوات کے فروغ میں نجی شعبہ کا اہم کردار:جام کمال
اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا صنفی مساوات کے فروغ میں نجی شعبہ کا اہم کردار ہے۔ ٹیکنالوجی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے عظیم مساوات کا کام کر سکتی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو این ویمن پاکستان کی ’شیپنگ ٹومورو: پرائیویٹ سیکٹر انگیجمنٹ ان ایڈوانسنگ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ڈیجیٹل شمولیت سے ہم ان رکاوٹوں کو دور کر سکتے ہیں جنہوں نے خواتین کو معاشی دھارے سے دور رکھا۔ وزارت تجارت نئی ای کامرس پالیسی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مختلف اقدامات نافذ کرے گی۔ یو این ویمن کنٹری ہیڈ ماریہ ہولٹسبرگ نے کہا خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ خواتین میں سرمایہ کاری نہ صرف کاروباری کامیابی بلکہ وسیع تر سماجی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔