تعلیمی نظام بہتر بنانا اولین ترجیح ہے، گورنر کے پی کے

تعلیمی نظام بہتر بنانا اولین ترجیح ہے، گورنر کے پی کے

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام مزید بہتر بنانا اولین ترجیح، معیاری تعلیم کیلئے پرائیویٹ پبلک سیکٹر کا اشتراک ضروری ہے۔

نجی تعلیمی ادارے معیار بہتر بنا کر انقلاب برپا کر سکتے ہیں، آپس میں مل بیٹھ کر مسائل حل کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کی سالانہ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی، ڈویژنل صدور، ایگزیکٹو ممبرز اور ایڈوائزری کونسل کے علاوہ اسلام آباد، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب کے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا گیا۔ سابق سینیٹر و امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سردار شاہ جہاں یوسف، ملک ابرار احمد، دانیال چودھری، سحر کامران، ضیا بتول چیئرپرسن پیرا، حسن ثقلین، ڈاکٹر شاہد سرویا نے خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا مضبوط قوم ہی ملک کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے۔ دشمن مسلمانوں کا عقیدہ کمزور کرنے کے درپے ہے، حکمرانوں نے نظریہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا وہ تعلیم کے شعبہ سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، جدید سکولوں میں جدید تعلیم کے ساتھ اسلامی تعلیمات ناگزیر ہیں۔ ضیا بتول نے کہا نجی تعلیمی ادارے شرح خواندگی بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، ان کو ریلیف دلانے میں اپنا کردار ادا کروں گی۔ میزبان حافظ محمد بشارت صدر چیمبر آف ایجوکیشن اسلام آباد نے کہا شرح خواندگی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے نجی تعلیمی اداروں کے اشتراک سے جامع پلان ترتیب دیا جائے۔ اس موقع پر نومنتخب صدر محمد آصف نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حلف اٹھایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں