پاکستان کا افغان طلباء کیلئے 4 ہزار سے زائد وظائف کا اعلان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب نے کہا پاکستان حکومت نے افغان طلباء کیلئے 4 ہزار سے زائد وظائف کا اعلان کر دیا۔۔۔
ایک تہائی لڑکیوں کیلئے مختص ہیں، سکالرشپس شعبہ طب، انجینئرنگ، زراعت، مینجمنٹ اور کمپیوٹر سائنس کیلئے ہیں۔ ان کا مقصد افغان نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کر کے ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ وہ پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن کے 47ویں سالانہ فورم سے خطاب کر رہے تھے۔ پرتگال کی آئینی امور کمیٹی کی نائب چیئرپرسن کلودیہ کروز سانتوس نے شرکاء کی میزبانی پر پاکستانی عوام کو سراہا۔ افغان پارلیمنٹ کی اراکین اور سلامتی کمیشن کی جلا وطن نمائندگان زوہا نوروزی اور فوزیہ کوفی نے افغان لڑکیوں پر تعلیم کی پابندی پر افسوس کا اظہار کیا۔ یو این ہائی کمشنر انسانی حقوق کی کرسٹین چنگ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ بین الاقوامی بار کی سینئر پروگرام منیجر ڈاکٹر ایولینایو نے خواتین کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو انسانیت اور برابری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔