راولپنڈی :کار ، بائیک لفٹنگ ، سٹریٹ کرائم میں ملوث 3گروہ گرفتار
راولپنڈی (خبرنگار) پولیس نے کار و موٹر سائیکل لفٹر اور سٹریٹ کرائم کے تین گینگز کو گرفتار کرکے 6 گاڑیاں، سات موٹر سائیکل، رقم اور قیمتی سامان بر آمد کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ صادق آباد انوار الحق کے مطابق ملزمان ابوذر اور عالم زیب سے 6 مسروقہ کاریں برآمد ہوئیں۔ ایس ایچ او تھانہ آر اے بازار جاوید سلہریا کے مطابق ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم احسن سے 41ہزار روپے ، ملائیشین کرنسی مالیتی 13200 روپے ، شہریوں سے چھینے گئے اے ٹی ایم کارڈز برآمد ہوئے ،ملزم کو پولیس حراست سے چھڑانے کے لئے اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ بھی کی تھی جس سے ملزم احسن زخمی ہو گیا تھا،ملزم احسن پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے جبکہ بائیک لفٹر گینگ کے عمران اور امیرسے 7 موٹر سائیکل برآمدہوئے ہیں۔