نجی شعبے لائیو اسٹاک ، ماہی گیری میں سرمایہ کاری کریں ،وزیراعلیٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لائیو اسٹاک ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کے شعبوں میں ترقی اور جدت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
3 روزہ ایکسپو (17 سے 19 جنوری تک)محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز نے محکمہ زراعت ، محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، محکمہ ثقافت، سیاحت و نوادرات، کے ایم سی، اور کمشنر کراچی کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے اور غذائی تحفظ کو بہتر بنانے میں لائیو اسٹاک شعبے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں،ہمیں غذائی تحفظ کو بہتر بنانے اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ مراد علی شاہ نے انفرااسٹرکچر کی بہتری، جانوروں کی صحت کے فروغ، پیداوار میں اضافے اور جدید زرعی طریقے متعارف کروانے کیلئے مختلف منصوبوں کا اعلان کیا ۔ وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز علی ملکانی نے کہا کہ ایکسپو کا مقصد اس صنعت کے سرکردہ افراد ، کسانوں اور موجدین کو اکٹھا کرنا ہے ۔ایکسپو میں 2000 جانور، 1000 پرندے ، 11 اقسام کے مویشی، دو اقسام کی بھینس، 17 اقسام کی بکریاں، چار اقسام کی بھیڑیں، پانچ اقسام کے گھوڑے ،اونٹ، تین اقسام کے سانپ، متعدد رینگنے والے جانور، اور کتوں اور بلیوں کے شو بھی شامل تھے ۔