کے پی اور بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی،کاشف شیخ

کے پی اور بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی،کاشف شیخ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی، معیشت کی بدحالی، مصنوعی مہنگائی اور سندھ میں ڈاکو راج حکومتی ناکامی کا نتیجہ ہیں ۔

 انہوں نے جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک اور بنوں میں دہشت گردی،بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے اور بے گناہ شہریوں کی شہادت کو سکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے پی اور بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے ۔یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار عشائیہ میں کہی ۔اس موقع پر نائب امیر حافظ نصراللہ چنا، جنرل سیکریٹری محمد یوسف، علامہ حزب اللہ جکھرو، صدر پریس کلب اور دیگر صحافی شریک تھے ۔کاشف سعید شیخ کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنا سندھ کو بغاوت پر مجبور کرنے کے مترادف ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ کالا باغ ڈیم سے بھی زیادہ خطرناک ہے ، صدر آصف زرداری کی جانب سے اس فیصلے پر نظرِثانی کی اپیل ثابت کرتی ہے کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی کی قیادت عوام سے جھوٹ بول رہی تھی۔ انہوں نے کہاکہ 14 مارچ کو دریاؤں کے عالمی دن پر یوم دعا منایا جائے گا۔16 مارچ کو کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت علماء و مشائخ پانی کانفرنس ہوگی جب کہ عید کے بعد بھرپور عوامی تحریک چلائی جائے گی، جس میں وزیر اعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس پر دھرنے اور لانگ مارچ بھی شامل ہونگے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں