میانوالی : 100خصوصی افراد میں مفت وہیل چیئرز تقسیم

 میانوالی : 100خصوصی افراد میں مفت وہیل چیئرز تقسیم

خصوصی افراد کو جینے کا پورا حق حاصل ،انکی خدمت کرنا سب کی ذمہ داری : سید وقاص

میانوالی (نامہ نگار) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضلع میانوالی کے 100 خصوصی افراد میں مفت وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ تقریب مسجد ابوبکر ضلعی مرکز جماعت اسلامی میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری سید وقاص انجم جعفری تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید وقاص انجم جعفری نے کہا کہ خصوصی افراد کو جینے کا پورا حق حاصل ہے اور ان کی خدمت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر ممالک میں خصوصی افراد کو خاص اہمیت دی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں اس شعبے پر توجہ کم ہے ، تاہم ضرورت مندوں کی خدمت کرنے والے لوگ اللہ کے نزدیک مستحق ہیں۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک دو سو ارب روپے کے وہیل چیئرز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی سرپرست حافظ جاوید اقبال ساجد نے ڈپٹی کمشنر میانوالی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کے لیے مقررہ پارک کو وقت پر تالے لگا دیے گئے جس کی وجہ سے مقام تبدیل کرنا پڑا اور ڈی سی تقریب میں شریک نہیں ہو سکے ۔ضلعی صدر سردار خان نے مہمانوں اور وہیل چیئرز عطیہ کرنے والے نیک دل افراد کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے کارکنان اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں