شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی پر دعائیہ تقریب کا انعقاد
پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے عہد کیا مشن کی تکمیل کیلئے قربانی سے دریغ نہیں کرینگے
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر مملکت اور ڈویژنل صدر پیپلزپارٹی تسنیم احمد قریشی، ضلعی صدر ملک حامد نواز اعوان، ٹکٹ ہولڈر ملک علی سانول، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات رانا عمیر خان، سٹی سیکرٹری اطلاعات شیخ کامران شہزاد، تحصیل صدر سلانوالی سابق ٹکٹ ہولڈر رائے حسن رضا بھٹی ایڈوکیٹ کی موجودگی میں حا جی متین احمد قریشی کی میزبانی میں پیپلز سیکرٹریٹ اقبال کالونی میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کو شہید کر کے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا گیا اور کئی صدیاں پیچھے دھکیلا گیا۔ 27 دسمبر ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس دن ملک و ملت کے دشمنوں نے عالمی مدبر اور قومی قائد کو عوام سے جدا کیا۔پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما اویس اسلم، مڈھیا نہ، زاہد ہ نیازی، نثار رضی وڑائچ، یوسف سندھو، رانا قمر اقبال، میاں جاوید امجد سمیت دیگر نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے آئین، پارلیمان اور عوام کے حقوق کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی۔ 27 دسمبر سوگ و تجدید عہد کا دن ہے اور آج ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنی عظیم قائد کے مشن کی تکمیل کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔رہنماں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں، پرامن سیاست اور جمہوریت پر یقین رکھتی تھیں اور آمریت و انتہا پسندی کے خلاف مزاحمت کی علامت تھیں۔ تقریب کے اختتام پر شہید بینظیر بھٹو کے بلند درجات کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔