سرکاری اسکولوں میں طلبا کے تناسب کے تحت اساتذہ کی تعیناتی کا عمل شروع

سرکاری  اسکولوں  میں  طلبا  کے  تناسب  کے تحت  اساتذہ  کی تعیناتی  کا عمل  شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر سرکاری اسکولز میں طلباء کے تناسب (ایس ٹی آر)کے تحت اساتذہ کی تعیناتی کا عمل شروع کردیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے بیان میں کہا ہے۔۔

 کہ سندھ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کو ہر ممکن سطح پر یقینی بنائیں گے اب کوئی بھی اسکول استاد نہ ہونے کی وجہ سے بند نہیں رہے گا۔ اس ضمن میں محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے پہلے مرحلے میں ’’اسٹوڈنٹ-ٹیچر ریشو‘‘ اقدامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے جمعے کے روز 4588 اساتذہ کی تعیناتی کے احکامات جاری کردیے ہیں، اساتذہ کی تعیناتی ضروت اور سہولت کے مطابق ان کے اپنے ہی تعلقہ سطح پر کی گئی ہیں، اس تعیناتی کا مقصد طلبہ و طالبات کی ضرورت کے مطابق اسکولوں میں اساتذہ کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے ۔ ایس ٹی آر پر عمل درآمد کی وجہ سے 320 ایسے اسکول کو استاد مل گئے ہیں جہاں کے استاد ریٹائر یا انتقال کی وجہ سے کوئی استاد تعینات نہیں ہوسکا تھا، محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے ایک استاد کی مدد سے چلنے والے 989 اسکولوں کو مزید استاد مہیا کردیے ہیں اور اب وہاں اساتذہ کی تعداد بڑھا دی گئی ہے ۔ طلباء کے تناسب سے اساتذہ کی تعیناتی کے اس اقدام کی مدد سے 1205 اسکولز کو مزید فعال بنانے میں مدد ملے گی۔ سندھ کے تمام وائبل اسکولز فعال ہو چکے ہیں، استاد ایمانداری کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دیں، اب کوئی ابھی اسکول استاد کی عدم دستیابی کی وجہ سے بند نہیں رہے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں