لوک میلہ جاری، راولپنڈی ،اسلام آباد کے ہزاروں شہر یوں کی آمد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) لوک ورثہ کمپلیکس شکر پڑیاں میں جاری دس روزہ لوک میلہ میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہزاروں شہر یوں کی آمد ، اس سال پہلی بار میلے میں موجود سعودی عرب، جمہوریہ ترکیہ، جمہوریہ انڈونیشیا اور۔۔۔
جمہوریہ ازبکستان کے سفارتخانوں کے پویلین بھی قائم کیے گئے ،میلے میں ملک بھر سے تقریباً پانچ سو سے زائد ہنرمند، موسیقار ، اداکار اور کاروباری افراد ایک ساتھ شریک ہیں۔ گزشتہ رات لوک ورثہ نے اپنی پچاس سالہ تقریب کے حوالے سے ایک خصوصی شام منعقد کی جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے مشہور لوک فنکاروں اور موسیقاروں نے اپنے اپنے علاقی ثقافتی پروگرامز پیش کیے ۔ لوک میلے میں دیسی کھانوں کے سٹالز پر جڑواں شہروں کے مکین امڈ آئے ، چاٹی کی لسی اور مکھن والا ساگ بے حد پسند کیا جا رہا ہے جبکہ بلوچستان کے پویلین میں بلوچی سجی کا اپنا مزہ ہے ۔خیبر پختونخوا پویلین میں چپل کباب ،روایتی بیف پلاؤ اور بار بی کیو کے سٹالز پر رش ہے جہاں لوگ اپنے من پسند کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔