شام موسیقی : آزاد کشمیر، کے پی کے کے فنکاروں نے میلہ لوٹ لیا
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)لوک میلہ میں دوسرے صوبوں کی طرح کشمیرکی بھرپور ثقافت، دستکاری، لوک موسیقی، رسومات اور روایات کو دکھایا جا رہا ہے۔
آزاد کشمیر سے 25 سے زائد دستکار و فنکار حصہ لیے رہے ہیں جن میں ذوالفقار غازی، یاسمین مصطفیٰ، شہزادی بانو، امجد علی، عرفان غلام نبی، خواجہ محمد صدیق، رضوانہ نورین، قاضی عبدالرزاق، شیخ محمد یوسف، نجمہ حفیظ، جمال ظفر اور غلام مصطفیٰ شامل ہیں۔ چودہ نومبرشام 7بجے لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں محکمہ ثقافت آزادکشمیر کی جانب سے محفلِ موسیقی کا اہتمام کیا گیا جس میں آزاد کشمیرکے مشہور لوک فنکاروں بدر خان، الطاف احمد میر، عاشق بٹ،سہیل عباسی،دلاور عباس، حنا عباسی، شکیل احمد میر، نادر علی، سجادشاہ، بابرپنجکوٹی، بانو رحمت، عبدالباسط، نعمان سلیم اور راجہ انوارنے حصہ لیا اور خوب داد حاصل کی۔ ادھر لوک میلہ میں خیبرپختونخوا کی محفل موسیقی نے میلہ لوٹ لیا، شرکا جھومنے پر مجبور ہوگئے، موسیقی نائٹ میں شاہد ملنگ، کلثوم ودود، جاوید جہانگیری، سحرش خان اور جیم بوائز نے شاندار پرفارمنس دی۔ مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے محفل موسیقی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔