سستی بجلی وگیس ،پانی کی فراہمی یقینی بنایاجائے ،شاداب رضا
کراچی (آئی این پی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانا ہے تو سودی نظام ختم اور عوام کو سہولتیں مہیا کی جائیں ۔کراچی کے مسائل کے حل کیلئے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طور پر کام کیا جائے ۔
وفاقی وصوبائی اور شہری حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے حکمران بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں انڈسٹریز لگانے کیلئے آسانیاں فراہم کریں ،سستی بجلی وگیس اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے ، اس کو مضبوط بنانے کیلئے عوام کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،ملک میں معاشی استحکام و پائیدار امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم یکجا ہے ،دہشتگرد ملک کے دشمن اور انسانیت کے قاتل ہیں انہیں حکومت انجام تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ بے روزگاری اورمہنگائی کو ختم کرنے کے دعوے پورے کرنے کیلئے حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرئے ،حکمرانی کرنے والوں نے عوام سے وعدہ وفا نہیں کیا بلکہ کمزورمعاشی پالیسیوں سے غربت میں اضافہ کیا ہے ،عوام کے ساتھ کب تک سوتیلی ماں کا سلوک ہوتا رہے گا،غریبوں کو ان کے حقوق دلانا چاہتے ہیں ، جاگیردار ،وڈیرے اور سرمایہ دار عوام کے حقوق میں رکاوٹ ہیں ،تعلیم کے دشمن نہیں چاہتے ملک ترقی کی جانب گامزن ہو ۔