پنجاب میں 1کروڑ 65لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت ہوگی، سیکرٹری زراعت
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کے تاریخی کسان دوست پیکیج پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا اور صوبہ پنجاب میں 1 کروڑ 65لاکھ ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔
سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ زیادہ گندم کاشت کرنے والے کسانوں کو 1000ٹریکٹرز اور 1000 لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی مفت فراہم کیے جائیں گئے ۔ راولپنڈی ڈویژن میں اب تک گندم کی کاشت کا 90 فیصد سے زائد ہدف حاصل کیا جا چکا ہے ۔ بہتر حکمت عملی کی وجہ سے مارکیٹوں میں کھادیں وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ خطہ پوٹھوہار میں آبی وسائل میں اضافہ کے لیے 1500 منی ڈیمز، 2000سے زائد آبی تالاب تعمیر کیے گئے ہیں ، خطہ پوٹھوہار میں 31ہزار ایکڑ رقبہ پر جدید نظام آبپاشی سبسڈی پر نصب کیا گیا ، 10ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ کو سولر انرجی سسٹم پر منتقل کیا گیا ،خطہ پوٹھوہار کو زیتون ویلی میں تبدیل کرنے کے لیے محکمہ زراعت پنجاب نے 13 لاکھ پودے مفت فراہم کیے ہیں ۔ چند علاقوں میں ٹماٹر کی غیر موسمی کاشت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔