تمام بڑے شہروں میں برن سینٹرز کا قیام ناگزیر، ڈاکٹر بھرتھ
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ خصوصی برن کیئر سینٹرز کی کمی بڑا چیلنج ہے۔
20 بستروں پر مشتمل ہربرن سینٹر میں سرجن، نرسز اور پیرامیڈیکس سمیت 200 پیشہ ور افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پمز برن سینٹر اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام برن کیئر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر طارق اقبا ل نے برن سینٹر میں مریضوں کو دی جانیوالی جدید سہولیات کے بارے میں بتایا اور کہا جلد گریجو یٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ تمام بڑے شہروں میں برن سینٹرز اور ضلعی ہسپتالوں میں خصوصی برن یونٹس کا قیام ناگزیر ہے، جلنے اور جھلسنے والے مریضوںکو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ کم آمدنی والے مریضوں کے علاج کیلئے ایک قومی برن انجری فنڈ کا قیام ضروری قدم ہو گا۔