سوشل میڈیا پر کاروباری اداروں کو سائبر حملوں کا نشانہ بنانیکا انکشاف
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) کیسپرسکی ماہرین نے فیس بک پر اپنے صفحات کو فروغ دینے والے کاروباروں کو نشانہ بنانے والے ایک نئے فشنگ سکینڈل کا انکشاف کیا ہے۔
دھوکا باز میٹا فار بزنس کی جانب سے ای میلز بھیجتے ہیںجن میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وصول کنندہ کے صفحہ پر ممنوعہ مواد ہے، صارفین اپنے اکاؤنٹ اور صفحہ کو ان بلاک کرنے کیلئے وضاحت فراہم کریں۔ حملہ آوروں کا ہدف صارفین کے کاروباری اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ اس طرح کی ای میلز 14دسمبر کو صارفین تک پہنچنا شروع ہوئیں، جو ای میلز استعمال ہوئیں وہ مختلف ڈومینز سے بھیجی گئیں۔ میسنجر پر فیس بک کی سپورٹ ٹیم کے طور پر ظاہر ہونے والا اکاؤنٹ جائز لگتا ہے جس سے اعتماد کا غلط احساس پیدا ہوتا ہے۔ کیسپرسکی میں ای میل تھریٹس پروٹیکشن گروپ منیجر آندرے کووٹن کا کہنا ہے کہ 2025میں ان سائبر حملوں میں اضا فہ ہو سکتا ہے، صارفین کو چوکنا رہنا چاہیے اور پیغامات کی صداقت کی تصدیق کرنی چاہیے۔ صارفین مشتبہ اکاؤنٹس کے ساتھ مشغول نہ ہوں اور اضافی حفاظتی اقدامات کو فعال کریں۔ اگر آپ کو ایسی کوئی ای میل موصول ہوتی ہے، تو فیس بک کی سپورٹ ٹیم کو اطلاع دیں۔ اس طرح کے حملوں سے محفوظ رہنے کیلئے کیسپرسکی جہاں بھی ممکن ہو ٹو فیکٹر تصدیق استعمال کرنے کی تجویز کرتا ہے۔ یقینی بنائیں کہ آپ کے تمام پاس ورڈز مضبوط اور منفرد ہیں۔