ماحول ، جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے بننے والا قانون اہم سنگِ میل
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (IWMB) نے اسلام آباد کے قدرتی ورثے کے تحفظ کے لیے حکمت عملی کا اعلان کیا ہے۔۔۔
اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ ایکٹ 2024 پر صدر پاکستان کے دستخط کیے جانے کے بعد ایکٹ قانون کی شکل اختیار کر گیا۔ اسلام آباد میں ماحولیاتی تحفظ اور جنگلی حیات کا تحفظ ناگزیر تھا اور ایکٹ اس حوالے سے اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔ قانون سازی میں IWMB کو اختیار دیا گیا تاکہ اسلام آباد کے قدرتی وسائل کے تحفظ اور انتظام کو یقینی بنایا جائے ۔ ترجمان کے مطابق اس سے آنے والی نسلوں کے لیے صحت مند ماحول کو فروغ دیا جائے گا۔مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے انتظام کے لیے ایکٹ آمدنی کے ذرائع سمیت پارک کے وسائل کو پائیدار طریقے سے منظم کرنے کے قابل بنائے گا۔ جوابدہی اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جرمانے کیے جائیں گے ۔آئی ڈبلیو ایم بی نے اس قانون سازی کو حقیقت بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔