پارلیمنٹ ہا ؤس کی کینٹینز پر کم مقدار میں کھانوں کی فراہمی کا انکشاف
اسلام آباد(سہیل خان)پارلیمنٹ ہاؤس میں سکیورٹی، صفائی کے ناقص انتظامات اور کینٹینز کے نئے انتظام و انصرام کے معائنہ کیلئے سپیکر سردار ایازصادق کی ہدایت پر ایڈوائزر محمد مشتاق، پرنسپل سیکرٹری ٹو سپیکر قومی اسمبلی سعید میتلا و دیگر حکام نے اچانک چھاپہ مارا۔
اس موقع پر موجود افراد نے سی ڈی اے کینٹینز انتظامیہ پر شکایات کی بھر مار کردی ،بعض معاملات کے حوالے سے حکام نے اظہار برہمی کیا تو موقع پر ایک گاہک نے حکام کو ٹینڈرکے برعکس کم مقدار میں کھانوں کی فراہمی کا ثبوت پیش کردیا۔ کھانے کے لئے چھو ٹے سائز کے پیلٹس استعمال کی جا رہی تھیں اور کم کھانا دیا جارہا تھا جس پر چھاپہ مارنے والے حکام نے کینٹین کنٹریکٹر سمیت متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی ۔ محمدمشتاق اور سعید میتلا، سارجنٹ ایٹ آرمز و دیگر حکام نے حساس مقامات سمیت پارکنگ ایریاز، بیرونی سکیور ٹی کنٹینرز کا معائنہ کیا اور سکیورٹی مقامات اور کھلی جگہوں کو پرانے بینرز سے چھپانے پرتعجب کا اظہار کیا۔ انہوں نے پبلک کے لئے موجودخدمتی دفتر کی کسمپرسی پر بھی مختلف ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا فوری طور پر کینٹینز پر ریٹ لسٹ آویزاں کریں، پینے کے صاف پانی کا موثر انتظام کیا جائے۔