پولیس سب انسپکٹر پر فائرنگ کرنیوالے کو 32سال قید کی سزا

راولپنڈی ( خبر نگار) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے پولیس پر فائرنگ اور سب انسپکٹر کو زخمی کرنے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو الزام ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 32 سال قید بامشقت اور ساڑھے 4 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی ۔۔
تھانہ حضرو ضلع اٹک نے 5 اگست 2022 کو محمد ہلال خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 324، 353، 337 ڈی، 180، 34 کے تحت مقدمہ نمبر 348 درج کیا تھا جس میں ملزم پر الزام تھا کہ اس نے موٹر وے پر فائرنگ کر کے پولیس کے سب انسپکٹر الطاف علی کو زخمی کردیا تھا ،گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزم کو اقدام قتل کی دفعہ 324کے تحت 10سال قید بامشقت اور ڈھائی لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔ عدالت نے دفعہ 353کے تحت 2سال قید بامشقت اور 50ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ، اسی طرح انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت کے ملزم کو 10 سال قید بامشقت اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی جبکہ دفعہ 337 ڈی کے تحت بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ، عدالت نے دیت کی رقم کا ایک تہائی بطور ارش بھی ادا کرنے اور زخمی ہونے والے سب انسپکٹر الطاف علی کو 2 لاکھ روپے ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔