اسلام آباد کی ترقی،خوشحالی اور سیکٹرڈویلپمنٹ اولین ترجیح،چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں مارگلہ انکلیو فیز ٹو کے ترقیاتی کام جوائنٹ وینچر اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل اور پیپرا رولز کی شق F-42 کے تحت قانون کے مطابق کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سیکٹر سی تیرہ میں ترقیاتی کام کے نظر ثانی شدہ لے آؤٹ پلان کی منظوری دی گئی جسکے مطابق سیکٹر سی تیرہ میں رہائشی و کمرشل اپارٹمنٹس، پارکنگ اور پبلک بلڈنگز کی تعمیر کیلئے جگہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا، سیکٹر آئی ایٹ مرکز میں واقع پلاٹ نمبر انتیس سے ملحقہ اراضی قانون کے مطابق ریگولرائز کرنے کی منظوری دی گئی اور مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے مختلف کمیونیٹیز کے افراد کیلئے قبرستان کیلئے جگہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے لے آؤٹ پلان میں مناسب تبدیلی کی جائے گی۔ اجلاس میں مختلف سیکٹرز میں خراب واٹر ورکس، ٹینکرز اور خراب ٹیوب ویلز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ انکو جلد از جلد فعال کرنے کے لائحہ عمل کی منظوری ، سیکٹر ایچ الیون فور میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری اور پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری کی تزئین و آرائش اور اسکی توسیع سمیت سیکٹر ایچ الیون میں واقع پولیس اکیڈمی کے تعمیراتی کاموں کی تکمیل اور باقی ماندہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے منظوری دی گئی،علاوہ ازیں ڈپلومیٹک انکلیو کی اپ لفٹنگ، شاپنگ سینٹر قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ سیکٹر ایف سیون مرکز کمرشل پلاٹ کے حوالے سے ڈی جی لا کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو پلاٹ الاٹمنٹ سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر اپنی سفارشات سی ڈی اے بورڈ کو اگلی میٹنگ میں پیش کرے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام کے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے جسکے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اسلام آباد کی تعمیر ،ترقی و خوشحالی اور سیکٹر ڈویلپمنٹ سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے ، اسلام آباد کو ایک جدید ڈیجیٹلائز، سیاحتی شہر بنانے کے علاوہ عوام کی رہائشی سہولیات کو پورا کرنے کیلئے سیکٹر ڈویلپمنٹ انفراسٹرکچر کی بہتری، بیوٹیفکیشن اور تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے ہرسیکٹرسے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو فوری مسمار کرے تاکہ ترقیاتی کام بروقت مکمل کئے جاسکیں ۔